اوورسیز کمیونٹی پیپلز پارٹی کے ہاتھ مضبوط کرے، چوہدری شارق

June 14, 2021

برسلز( عظیم ڈار)پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سینئر رہنما چوہدری شارق نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں عوام دشمن بجٹ کے خلاف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے عبدالمجید خان نیازی کے رویے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کتنے شرم اور افسوس کی بات ہے قومی اسمبلی میں منتخب نمائندے جنہیں عوامی مینڈیٹ کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے، جو عوام کے رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان پر تقریر کے دوران آوازیں کسنا قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پاکستانی عوام کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے بلکہ یہ بجٹ ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اس وقت پاکستان بحرانوں کی دلدل میں جکڑا ہوا ہے اور عوام غربت کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ چوہدری شارق نے اوورسیز کمیونٹی کی توجہ گذشتہ روز پیش کیے جانے والے بجٹ کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ حالیہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے جسے ملکی عوام نے احتجاجاً نامنظور نامنظور کے نعرے لگا کر اپنی جانب سے یہ پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستانی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہے۔ لہذا اوورسیز کمیونٹی موجودہ حکومت کی سپورٹ کرنے کی بجائے پاکستان پیپلز پارٹی کے ہاتھ مضبوط کرے۔ کیونکہ پیپلز پارٹی ہی وہ جمہوری جماعت ہے جو پاکستان کو ترقی یافتہ صفوں پر استوار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا چیئرمین بلاول بھٹو ایک باوقار شخصیت اور زیرک لیڈر ہیں جو بھٹو خاندان کے حقیقی وارث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کےلیے پیپلز پارٹی مثبت بنیادوں پر اپنے سیاسی سفر کی جانب گامزن ہے، عوام کو چاہیئے کہ وہ پیپلز پارٹی کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کےلیے بلاول بھٹو کا ساتھ دیں۔