ریاست شہریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے، الطاف شاہد

June 14, 2021

لندن( پ ر )پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ امن ،تعلیم،صحت ،روزگاراورانصاف ہرانسان کابنیادی حق ہے ،ریاست شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی اوران کی حفاظت یقینی بنائے۔ بدامنی کے ڈانڈے مرکز اورصوبوں میں براجمان حکمرانوں کی بدانتظامی سے جاملتے ہیں ۔جس ملک میں کروڑوں عوام کوروٹی روزی،صاف پانی اورصحت کی معیاری سہولیات سمیت بنیادی ضروریات دستیاب نہیں کیونکہ حکمران اپنی ترجیحات درست کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ بدعنوانی کا بوجھ قومی چوروں کی قبورتک ان کا پیچھا نہیں چھوڑے گا ۔عوام کاحق ہڑپ کرنیوالے بڑے بڑے سرمایہ داربھی ماضی میں خالی ہاتھ دنیا سے گئے ،قومی چوریادرکھیں دولت کی خوشحالی نہیں صرف بداعمالی ان کے ساتھ دنیا سے جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام اپنے حقوق پرسمجھوتہ نہیں کرتے اس طرح ریاست کی بقا ،سالمیت اورتعمیروترقی کیلئے اپنے اپنے فرائض بھی ایمانداری سے اداکریں۔حکمران اشرافیہ نے اپنے مفادات کیلئے معاشرے کوطبقاتی بنیادوں پرتقسیم کردیا ،اگر اس وقت پاکستان کی باگ ڈور سیّد مصطفی کمال کے ہاتھوں میں ہوتی توآج پاکستان کے عوام ایک ہجوم کی صورت میں سرمایہ دارانہ نظام کے غلام نہ ہوتے۔انہوں نے کہا کہ سیّد مصطفی کمال کے فلسفہ سیاست کی روشنی میں طبقات کی بنیادپرپیداہونیوالی خلیج قومی وحدت اوراتحادویکجہتی کیلئے زہرقاتل ہے ۔طبقاتی اورمالیاتی نظام تعلیم کے ہوتے ہوئے طبقاتی تقسیم ختم نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم اورشعور عام کرنے کیلئے اس شعبہ کو سرمایہ دار مافیا کے چنگل سے چھڑایا جائے ۔