کوری خدابخش ڈسپنسری دو ماہ سے بند، مکین صحت کی سہولتوں سے محروم

June 14, 2021

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کے نواحی گائوں کوری خدابخش کی ڈسپنسری ڈسپنسر کی کورونا ویکسی نیشن سنٹر میں ڈیوٹی لگنے کی وجہ سے پچھلے دو ماہ سے بند پڑی ہے ، اس ڈسپنسری سے منسلک چارگائوں کے مکین صحت جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں ، معززین علاقہ نے ڈسپنسری کی بندش پر شدید احتجاج کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب اور محکمہ صحت حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ کوری خدابخش ڈسپنسری میں صرف ایک ڈسپنسر ہی تعینات ہے اس کے علاوہ کوئی اور عملہ نہیں ہے ، وسط اپریل میں متعلقہ ڈسپنسر کی ڈیوٹی راولپنڈی کے ایک کورونا ویکسینیشن سنٹر میں لگا دی گئی تھی جس کے بعد یہ ڈسپنسری مسلسل دو ماہ سے بند پڑی ہے لہٰذا اس کا نوٹس لینا چاہئے ، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جس ڈسپنسری میں صرف ایک ہی ڈسپنسر ہے اسے تو کم از کم کورونا ویکسینیشن سنٹر میں ڈیوٹی سے استثنٰی ملنا چاہئے تاکہ لوگوں کو اپنے گھروں کے پاس موجود ڈسپنسری سے ادویات مل سکیں ۔