آج پنجاب بجٹ میں بھی اپوزیشن کو سرپرائز دینگے، فردوس عاشق

June 14, 2021

لاہور(این این آئی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گا اور اپوزیشن کیلئے بجلی کا جھٹکا ثابت ہوگا۔ بجٹ میں پسے ہوئے طبقات کی پاسداری ہوگی اور غریب لوگوں کا خیال رکھا جائے گا۔ پنجاب کے بجٹ میں نئے منصوبے لا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کلب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بجٹ پر سب کو اعتماد میں لیں گے۔ اپوزیشن اپنی سیاست کے حوالے سے مایوس ہے۔ آج کا بجٹ ان کی مایوسی میں مزید اضافہ کرے گا۔ اپوزیشن کو آج بجٹ میں سرپرائز دیں گے۔ معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود وزیراعلی پنجاب کی نظروں سے اوجھل نہیں،صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ صحافی برادری کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے مستحق صحافیوں کو تعاون فراہم کیا ہے۔ صحافی ہماری طاقت ہیں اور معاشرے کی آنکھ ہیں۔ جو بھی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ میں رکاوٹ بنے گا حکومت اس پتھر کو ٹھوکر مار کر ہٹائے گی۔