بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا، علی رضا سید

June 14, 2021

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوپور میں چار کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سوپور میں شہداء کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت سے بھارت کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ کشمیریوں نے بھارت کے تسلط کو ہمیشہ مسترد کیا ہے اور وہ بھارت کے تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوپور میں چار بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام انتہائی قابل مذمت ہے۔

یورپ سمیت دنیا کے امن پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے روکے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز آئے دن تلاشی کے بہانے آپریشن کے دوران کشمیری عوام کا قتل عام کررہی ہیں۔ خاص طور پر نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آج کل تو کورونا کے لاک ڈاؤن کے بہانے یہ آپریشن کئے جاتے ہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی عالمی سطح پر غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ اس قتل عام میں ملوث بھارتی حکام اور فوجیوں کو سزا دلوائی جاسکے۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں علی رضا سید نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی خطے میں امن برقرار رہ سکتا ہے۔