پشاور ‘سوئمنگ پولز مالکان کے خلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ

June 15, 2021

پشاور (جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کے نائب صدر اور سابق نائب ناظم حیات آباد عمران خان سالارزئی نے کہاکہ مستقبل میں پاکستان میں پانی کا بحران آنے کا قوی خدشہ موجود ہے لیکن اس کے باوجود بھی پشاور کے گرد و نواح میں سوئمنگ پولز کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی لاکھوں لیٹرز پانی کو ضائع کیا جارہا ہے۔ رنگ روڈ ، ورسک روڈ، چارسدہ روڈ اور جی ٹی روڈ پر قائم سوئمنگ پولز کی وجہ سے نہ صرف پینے کے صاف قیمتی پانی کو ضائع کیا جارہا ہے بلکہ سوئمنگ پولز کے ذریعے رہائشی آبادی میں زیر زمین پانی کا لیول گر چکا ہے جس سے بیشتر پانی کے بورنگ خشک ہوچکے ہیں اور عوام صاف پانی پینے کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ پشاور کی مقامی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، کمشنر پشاور ڈویژن اور دیگر ذمہ داروں سے سوئمنگ پولز کے مالکان کے خلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔