’بائیکاٹ زارا‘ ٹوئٹر پر کیوں ٹرینڈ کررہا ہے؟

June 15, 2021

اسپین کے معروف فیشن برانڈ ’زارا‘ کی ڈیزائنر کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور فلسطین ماڈل کی تضحیک پر برانڈ کیخلاف بائیکاٹ مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ’بائیکاٹ زارا‘ اس وقت ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے جس کا استعمال کرتے ہوئے صارفین ڈیزائنر کو اسرائیل کی حمایت کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’زارا‘ کی ڈیزائنر ونیسا پرلیمن نے فلسطینی ماڈل کیلئے سخت الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

ونیسا نے فلسطینیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ فلسطینی اپنے بچوں کو بچپن سے ہی انتہاپسندی کی تعلیم دیتے ہیں۔

ونیسا کے نفرت انگیز بیان کو جب فلسطینی نژاد ماڈل قاہر ہرھیش نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا تو صارفین برہم ہوگئے اور برانڈ کیخلاف بائیکاٹ مہم کا آغاز کردیا۔

تاہم بعد ازاں ’زارا‘ اور ونیسا دونوں نے اپنے اس اقدام پر معافی مانگ لی ہے جس کی تصدیق قاہر ہرھیش نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی۔

دوسری جانب ونیسا نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا ہے، جس کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ انہیں اپنے نفرت انگیز بیان پر شدید ردعمل کا سامنا تھا اس لیے انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کردیا ہے۔