فنڈ کی سمری مسترد ہونے سے بلوچستان کی اخباری صنعت مشکلات کا شکار

June 16, 2021

کوئٹہ(این این آئی) ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل بلوچستان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں اخباری صنعت عدم توجہی کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ دنوں محکمہ خزانہ کی جانب سے اخبارات کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے فاضل فنڈ کی سمری کے مسترد ہونے کے باعث اخبارات عید الاضحی کے موقع پر اپنے کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کرسکیں گے ۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کی واحد صنعت اخبارات گزشتہ کئی عرصے سے بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے۔متعلقہ محکمہ تعلقات عامہ سمیت حکومت وقت کی بارہا توجہ اس طرف مبذول کرائی جاتی رہی ہے لیکن کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ اس اہم شعبہ کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جس سے اخباری صنعت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ اخبارات کے گزشتہ سال کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے محکمہ ہذا (تعلقات عامہ بلوچستان) کی جانب سے فاضل فنڈز کے لئے محکمہ خزانہ بلوچستان کو ایک سمری روانہ کی گئی تھی جس کے بارے میں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ سیکرٹری خزانہ بلوچستان نے اسے مسترد کرتے ہوئے اس فاضل فنڈز کی ادائیگی اگلے مالی سال میں کرنے کی تجویز دی ہے سمری کے مسترد ہونے کے باعث اخبارات جن کی مالی حالت پہلے ہی تشویشناک حد تک خراب ہے اب موجودہ صورتحال میں عید کے موقع پر کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصر رہیں گے۔ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال عالیانی سے گزارش کی گئی کہ موجودہ صورتحال کا فی الفور نوٹس لیں اور اخبارات کی مالی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ خزانہ کو ہدایت جاری کریں کہ وہ متذکرہ سمری پر نظر ثانی کرتے ہوئے فاضل فنڈ کا اجراء کریں تاکہ اخبارات کو مالی لحاظ سے جن مشکلات کا سامنا ہے اس میں انہیں ریلیف ملے ،بیان میں ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل بلوچستان نے وزیراعلیٰ جام کمال جن کے پاس محکمہ اطلاعات کا قلمدان بھی ہے سے یہ بھی گزارش کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخبارات کے اشتہارات کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے، اشتہارات کی تقسیم کے لئے کوئی مروجہ پالیسی مرتب کی جائے اور اشتہارات کی تقسیم کو منصفانہ بنایا جائے ۔