شہید واحد رئیسانی قتل کیس، گرفتار ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج

June 16, 2021

کوئٹہ( این این آئی) شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ،ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین نے گرفتار ملزمہ کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔منگل کو ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں گرفتار ملزمہ مسماۃ رابعہ ولد جمال الدین کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عبدالواحد رئیسانی کے اہلخانہ کی جانب سے سینئر قانون دان ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ اورملک تنویر شاہوانی نےمقدمہ کی پیروی کی بعدعدالت نے گرفتار ملزمہ کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔ سماعت کے موقع پرشہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے اہل خانہ سے یکجہتی کیلئے بلوچستان بار ایسوسی ایشن سریاب ڈویژ ن کے عہدیدار ،سینئر وکلاء، میڈیا کارکنوںاور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں موجود تھی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہید صحافی کے والد ڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے کہا کہ واحد رئیسانی قتل کیس میں پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ،مقدمے میں ایک ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کیلئے آئی جی پولیس بلوچستان ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے امید ہے مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عدالتوں سے انصاف کی امید ہے جلد ملزمان اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے سماعت کے موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی جانب سے قانونی معاونت فراہم کرنے اوریکجہتی کیلئے آنے والے میڈیا کے نمائندوں ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔