بلوچستان عوامی پارٹی کا خاران میں ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا مطالبہ

June 16, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی خاران کے صدر میر محمود نوشیروانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان پر خاران سے رکن صوبائی اسمبلی کی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ خاران کے ترقیاتی فنڈز اور ایم پی اے خاران کے توسط سے ہونے والے کاموں کی نیب اور سی ایم آئی ٹی کے ذریعے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائے، یہ بات انہوں نے پیر کو ضلعی جنرل سیکرٹری میرامجد خان ملازئی، ضلعی ترجمان میر محبوب تگاپی، سینئر رہنما میر نیاز اللہ ملازئی، بران نوشیروانی اور سراج ملازئی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں خاران سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے اپنے حلقے کے مسائل چھوڑ کر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ضلع لسبیلہ جاکر وزیراعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کی وزیراعلیٰ جام کمال خان، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور میرعبدالکریم نوشیروانی سمیت دیگر نے مذمت کی اورحقائق سے پردہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے تین سال کے دوران صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں فنڈز فراہم کیے جو ان کی مخلصانہ کاوشوں اورسرزمین کے ساتھ وفاداری کا ثبوت ہے۔