ملک کے ہر ڈویژن کو صوبہ بنایا جائے ، رحمت خان وردگ

June 17, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہےکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور عوام کو اقتدار میں شریک بنانے کیلئے بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام فنڈز بلدیاتی اداروں کے حوالہ کئے جائیں ۔ رحمت خان وردگ نے تحریک استقلال خیبر پختونخوا کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی طرف سے انتخابات سے قبل یہ کہا جارہا تھا کہ ارکان اسمبلی کا کام گلی کوچے پختہ کرنا نہیں بلکہ قانونی سازی ہے لیکن اقتدارمیں آنے کے بعد فنڈز بلدیاتی نمائندوں کی بجائے ارکان اسمبلی کے ذریعے خرچ کروائے جارہے ہیں ملک میں انتظامی امور کو بہتر بنانے اور عوام کی محرمیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے ملک کے تمام ڈویژنوں کو صوبے کا درجہ دیا جائے صوبوں کو بااختیار بنایا جائے اور صوبوں میں مداخلت کا سلسلہ بند کیا جائے اور صوبوں کے وسائل صوبوں پر خرچ کئے جائیں۔ امریکہ کی آبادی 35 کروڑ ہے جہاں 54 صوبے بنائے گئے ہیں پاکستان میں ہر ڈویژن کی صوبے کا درجہ دے کر دفاع ، خارجہ امور ، کرنسی اور مواصلات کے علاوہ باقی تمام محکمے صوبوں کے حوالہ کئے جائیں ۔