پٹواری پر تشدد اور فائرنگ کے الزام میں دو ملزمان گرفتار

June 18, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر )تھانہ تہکال کی حدود میں دوروزقبل پٹواری پر تشدد اور فائرنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیاگیا، گرفتار ملزمان کا تعلق تہکال کی حدود سبحان آباد سے بتایاجاتاہے جو پٹواری ماجد خان پر تشدد کرنے، فائرنگ کرنے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے میں ملوث ہیں ۔مدعی ماجد خان پٹواری نے تہکال پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چند افراد نے اس کے دفتر میں گھس کر اسے زدوکوب کیا اور سرکاری دستاویزات بنانے کی ضد کرتے ہوئے فائرنگ بھی کی جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔ مقامی پولیس نے ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا جبکہ گزشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان مبارک شاہ ولد شمشاد عرف ملک راجہ اور روح اللہ ولد حیاءخان سکنہ سبحان آباد کو گرفتار کر لیا جنکے قبضے سے دو عدد پستول بھی برآمد کر لئے گئے۔دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران پٹواری پر تشدد اور فائرنگ سمیت کارسرکار میں مداخلت کا اعتراف کر لیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔