موسیقار واجد علی ناشاد کی تیرہویں برسی

June 18, 2021

فلموں کے معروف موسیقار واجد علی ناشاد کی تیرھویں برسی آج جمعے کو روز منائی جارہی ہے، انہوں نے درجنوں فلموں کا شاندار میوزک ترتیب دیا تھا۔

آج کل ان کے ہونہار صاحب زادے نوید ناشاد موسیقی کی دنیا میں اپنے باپ دادا کا نام روشن کر رہے ہیں۔ نوید ناشاد کی موسیقی میں گیتوں نے دھوم مچارکھی ہے۔

استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں میرے پاس تم ہو اور من جھوم جھوم تن جھوم جھوم نے سوشل میڈیا پر مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

واجد علی ناشاد 1953ء میں بھارت کے شہر ممبئی میں معروف موسیقار ناشاد کے گھر پیدا ہوئے، واجد علی ناشادکے والد ناشاد 24 اپریل 1964 کو اہل وعیال کے ہمراہ بمبئی کی فلم نگری چھوڑ کر لاہور چلے آئے۔

واجد علی ناشاد ہجرت سے قبل کانویٹ سین فرانسس پالی ہل اسکول میں نویں کلاس کے طالبعلم تھے اور انہوں نے وہیں سے میوزک کے ٹیچر پیٹر ہائیکین سے پیانو کی تعلیم حاصل کی ۔

1964ء میں وہ کراچی آگئے اور سین پال اسکول سے میٹرک کرنے کے بعد ہیلے کالج لاہور سے کامرس کی تعلیم حاصل کی اور ایک فلائینگ کلب کی ممبر شپ بھی اختیار کرلی ۔

واجد علی ناشاد نے بہت سی فلموں میں اپنے والد کے ساتھ بطور اسٹنٹ میوزک ڈائریکٹر کام کرنے کے علاوہ اپنے والد سے کلاسیکل گیت سنگیت کو سیکھا جبکہ مغربی میوزک کو بھی اسٹڈی کیا اس لیے واجد کی دھنوں میں ایسٹ اور ویسٹ کے سُر ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔

واجد علی ناشاد ایک مکمل میوزک ڈائریکٹر تھے اور گیت غزل کا اوپننگ میوزک اور انڈویفوز خود ترتیب دیتے تھے ۔

واجد علی ناشاد نے تقریباً 50 فلموں میں بطور موسیقار کام کیا جبکہ تقریباً 300 فلموں کا بیک گراؤنڈ میوزک بھی دیا۔

واجد علی نوشاد نے ’’دشت ‘‘، ’’دوریاں‘‘، ’’ باغی ‘‘ ، ’’پراندہ ‘‘ ، ’’بے وارث‘‘، ’’سلسلہ‘‘، ’’سفید پوش‘‘ ، ’’لنڈا بازار ‘‘ سمیت ایک سو کے قریب ٹی وی سیریلز کے ٹائٹل سانگز بنائے۔

یہ عظیم موسیقار 18جون 2008ء کو دنیا فانی سے کوچ کر گیا۔ مرحوم کے بیٹے نوید واجد علی ناشاد ان کے فن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔