گورنر پنجاب کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد

June 18, 2021


گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ہر اچھے کام میں رکاوٹیں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا بجٹ عوام دوست، کسان دوست، صنعت کار دوست اور ملازم دوست ہے اپوزیشن چاہے بھی تو اس بہترین بجٹ پر تنقید نہیں کرسکتی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکبادی اور کہا کہ اپوزیشن سوچتی اور دیکھتی رہ جائے گی، بجٹ آسانی سے منظور ہوجائے گا۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ملک میں آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کا واحد آپشن الیکٹرانک ووٹنگ ہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کو ناکام بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی ملاقات کی، عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ میں عوام کیلئے سہولتیں پیدا کی گئی ہیں جو صوبے کی ترقی کیلئے ایک روڈمیپ ہے۔

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلع کا ڈیولپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے 560 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے صوبے کے ہر شہر میں انقلاب آئے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بہترین بجٹ پر پی ڈی ایم ٹولے کے چہروں پر بوکھلاہٹ اورمایوسی عیاں ہے۔