کراچی کا بیڑا غرق کرنیوالے آج مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں، ناصر حسین

June 19, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کروا کر روشنیوں کے شہرکراچی کا بیڑہ غرق کرنے والے تو آپ لوگ ہیں،اب روز آکر مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا معاملہ ہر آئینی فورم پر اٹھایا ہے۔ جبکہ آپ (ایم کیو ایم ) نے تو محض دو وزارتوں کے مزے لینے کیلئے مردم شماری کے معاملے پر پی ٹی آئی سے سودا کر لیا ہے، اردو بولنے والوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں کو لوگ مسترد کر چکے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہر معاملے میں لسانیت کو لیکر آتی ہے۔ رسی جل گئی پر بل نہیں گیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ او بھائی جب آپ نے اپنے قائد سے ترک تعلق کر دیا ہے تو انکی سوچ سے بھی علیحدگی اختیار کریں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے با شعور عوام اب آپ لوگوں کو پہچان چکے ہیں اور اردو بولنے والوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں کو لوگ مسترد کر چکے ہیں۔ حلقہ 249 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوارکا چھٹے نمبر پر آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مردم شماری پر پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے واضع موقف ہے، کہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر کراچی کا اتنا درد ہے تو اس کا ثبوت دیں اور وفاقی وزارتوں سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پر امن شہر بن گیا ہے اس کا امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ یہاں پر اب تمام قومیتیں ایک دوسرے سے مل جل کر رہ رہی ہیں۔