ایم سی ایل افسروں کو پیڈا ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ

June 19, 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر)میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دوسرے اجلاس میں ہائوس ڈیوٹی نہ کرنے والے ایم سی ایل افسروں کو پیڈا ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے، جبکہ لوکل گورنمنٹ ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کیلئے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایک روز قبل سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی نمائندوں کا دوسرا اجلاس ٹائون ہال میں لارڈ میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کی زیر قیادت اجلاس ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم سی ایل کے ملازمین نے نہ تو ایڈمنسٹریٹر کا آفس کھولا اور نہ ہی رولز کے مطابق اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس میں ایم سی ایل کے افسران کے اجلاس کی کارروائی کو نہ صرف نوٹ کرتے ہیں۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کروانے کیلئے کارروائی کو ریکارڈ پر لاتے ہیں۔ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کسی سرکاری اہلکار نے شرکت نہیں کی تھی۔ جس کا میئر لاہور نے سخت نوٹس لیا جس کیلئے ایم سی ایل کے ملازمین کو پیر کے روز پیڈا ایکٹ کے تحت شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے اور لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کیلئے سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کو میئر لاہور مراسلہ لکھیں گے۔ اس حوالے میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نےبتایاکہ بیوروکریسی سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی نمائندوں سے تعاون نہیں کر رہی ہے پیر کے روز انہیں پیڈا ایکٹ کے تحت خصوصی نوٹسز جاری کئے جائیں گے بلدیاتی نمائندوں کا آئندہ اجلاس جون کے آخری ہفتے میں بلایا جائے گا جس کا ایجنڈہ آئندہ ایک دو روز میں جاری کر دیا جائے گا۔