قارئین کیا سوچتے ہیں

June 20, 2021

حسن نثار (16جون2021) کیا واقعی بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں؟

جناب ہمیں ایک پراپر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ جہاں ضرورت مند پوری پردہ داری سے رجسٹریشن کروائے اور مخیر حضرات ماہانہ بنیاد پر رقوم بھجوائیں جس کوپوری ایمانداری سے ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جا سکے۔ 22 کروڑ کی عوام میں سے اگر 2لاکھ افراد بھی ممبر بن جائیں اور کم سے کم 500 یا 1000روپے بھی ماہانہ دے دیا کریں تو بہت سی بچیاں بیاہی جا سکتی ہیں۔ (سادیہ شہرام)

واصف ناگی (13جون2021) وہ لاہور کہیں کھو گیا

جناب لاہور میں رہنے والوں کے لئے لاہور شہر کی ہیئت میں تبدیلی اور تغیر تکلیف دہ بات ہے۔ لیکن اس کائناتی سچ اور حقیقت کو جھٹلانا ممکن نہیں کہ تبدل و تغیر زمانے کا خاصہ ہے، یہ ہر دم ارتقائی مراحل طے کرتا ہے اور ہمیشہ ایک نئے روپ میں ظاہر ہوتا ہے۔ (نوید علی، لاہور)

یاسر پیرزادہ (16جون2021) سول سروس کا ’’زوال‘‘

جناب بس اک گورکھ دھندہ چل رہا ہے اس سب گھن چکر میں ریاست اور عوام غریب تر ہو رہے ہیں اور مخصوص کلب کے لوگ امیر تر۔ مڈل کلاس لوئر مڈل، لوئر مڈل کلاس لوئر کلاس کی طرف جا رہی ہے۔ مگر اس تیز رفتار سفر میں اقدار و اخلاقیات سب کچھ بھلا دیا گیا ہے۔ (ڈاکٹر ارشاد فاروقی، لاہور)

مظہر برلاس (15جون2021) تحریک عدم اعتماد کیوں؟

جناب بحیثیت ایک شہری قاسم خان سوری کو میں نے آج تک کسی کی چاپلوسی کرتے ہوئے نہیں دیکھا اور نہ ہی سنا ہے۔ انہوں نے عوام کی رائے پر ڈاکہ نہیں ڈالا اور دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں نام نہاد مذہب پرست اور قوم پرستوں کو شکست سے دوچار کیا جس کے باعث کوئٹہ کے عوام آج بھی قاسم خان سوری کے ساتھ ہیں۔ (نذیر خان اچکزئی۔ چمن)

خلیل احمد نینی تال والا (13جون2021) ڈھرکی ٹرین حادثہ، حکومت کی بے حسی

جناب خلیل احمد صاحب آپ نے سو فیصد بحق کہا۔ حکومت کوئی بھی ہو‘ صرف ڈھٹائی سے اپنی صفائی پیش کرتی ہے۔ اگر متعلقہ محکمے کا وزیر استعفیٰ دے تو امید ہے آئندہ کے لئےہر وزیر سوچنے پر مجبور ہو گا اور اپنے فرائض تندہی سے انجام دینے کی کوشش کرے گا- (محمد اسلم طاہر محمدی، لاہور)

منصور آفاق (13جون2021) 20 فیصد شرح ترقی کا ہدف

محترم آفاق صاحب بجٹ کو تو حساب کتاب سے سمجھایا گیا لیکن 682ارب روپےکی سبسڈی دینے کے باوجود روز مرہ اشیاءسستی نہیں ہوئیں جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی ان ساری سکیموں کو خراب کر دے گی۔ (کنور عبدالماجد خاں، لاہور)

محمد مہدی (17جون2021) مکمل تیاری درکار ہے

مہدی صاحب امریکی انٹٹیلی جنس کی سرگرمیوں پر بہت معلوماتی اور شاندار کالم لکھا آپ نے۔ ہمارے اداروں کو اصل کام کی طرف آنا چاہئے تا کہ ملک کو افغانستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے نقصان نہ ہو۔ اٹلی کے ممکنہ کردار کو بھی جس طرح بیان کیا گیا ہے دعا ہےکہ ویسا ہی ہو ۔ (حمزہ ارشد، خیر پور)