حیدرآباد میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ختم

June 20, 2021

صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین ختم ہوگئی جس کے بعد تمام ویکسینیشن سینٹرز بند کردیے گئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 21 ویکسینیشن سینٹر قائم ہیں، گزشتہ روز جو ویکسین تھی وہ 2 سینٹرز پر لگادی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ حیدرآباد میں یومیہ 6 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی تھی۔

محکمہ صحت نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین ملتے ہی حیدرآباد میں ویکسینیشن کا عمل شروع کریں گے۔

دوسری جانب کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق سائنو ویک ویکسین کی یہ 15 لاکھ خوراکیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے وفاقی داراحکومت اسلام آباد لائی گئیں۔