خیبرپختونخوا حکومت نے 256.7 ارب کے غیرملکی قرضے لیے

June 22, 2021

پشاور( گوہر علی خان ،نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بنک سمیت دیگر غیر ملکی مالیاتی اداروں سے اب تک 256.7 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کئے ہیں جبکہ رواں مالی سال 2020-21کے ڈوران صوبائی حکومت نے قرضوں پر تین ارب روپے کا سود ادا کیا جبکہ آئندہ مالی سال میں قرضوں پر سود کی ادائیگی کےلئے ڈھائی ارب روپے مختص کئے گئےہیں،صوبے کے آئندہ مالی سال 2021-22کے بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے 30جون تک 256.7 ارب روپے کے مختلف اقسام کے93 غیرملکی قرضے حاصل کئے ہیں ،دستاویزات کے مطابق یہ قرضے ایشیائی ترقیاتی بنک ،انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آئی ڈی اے )سے تیس سے چالیس سال کی مدت کے لئے گئے ہیں جس میں پانچ سے دس سال تک مذید اضافہ ہوسکتا ہے،یہ قرضے دو سےڈھائی فیصد کی شرح پر لئے گئے ہیں ، دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت روان مالی سال کے مطابق 44ارب روپے کے مقامی قرضے حاصل کرنے کی تیاری کررہی ہے،دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے رواں مالی سال 2020-21کے دوران 11.7ارب روپے کے قرضے حاصل کئے ہیں تین ارب روپے کا سود ادا کیا گیا جبکہ حکومت نے آئندہ مالی سال 2021-22کے دوران سود کی ادائیگی کےلئے ڈھائی ارب روپے مختص کئے ہیں۔