گردشی قرضے کی شرح میں200 ارب کی کمی آئی ہے، حماد اظہر

June 22, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے میں 800ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے 4ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے،

حکومتی دانشمندانہ پالیسیوں اور بروقت اقدامات سےگردشی قرضے کے بڑھنے کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 200ارب روپے کی کمی آئی ہے،وہ امریکی ناظم الامور سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہےتھے،ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، حماد اظہر نے کہا کہ رواں سال بجلی کی کھپت میں 20 فیصدجبکہ صنعتی شعبے کی طلب میں 12 سے 13 فیصد سے زائد کااضافہ ہواہے، بجلی کی کھپت میں اضافہ نہ صرف معاشی شعبے بلکہ توانائی سیکٹر کیلئے مفید ہے کیونکہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے

انہوں نےکہاکہ گردشی قرضےکے بڑھنے کی شرح کو روکنے کے بعد اسکا مکمل خاتمہ آسان ہوگا، بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے کی بہتری کیلئے آئندہ سال 117 ملین ڈالر خرچ کئے جائینگے، وزیر توانائی نے امریکی کمپنیوں کودعوت دی کہ وہ پاکستان میں توانائی مارکیٹ میں موجود مواقع سے استفادہ حاصل کریں

امریکی ناظم الامور نے کلین اور گرین ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو ترجیح دینے پر حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا، گردشی قرضے کی شرح کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کو مثبت اشارے مل رہے ہیں۔