زلفی بخاری نے کورونا خاتمے پر پلانز بتا دیے

June 23, 2021

وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ کورونا کے خاتمے پر سب سے پہلے پاکستان کے خوبصورت مقامات پر جا کر لطف اندوز ہوں گے۔

زلفی بخاری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے نانگا پربت پر سیر سپاٹوں کی ویڈیو پر ردعمل میں کہا کہ گورنر آپ تو بے حد خوبصورت لگ رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شمال کی خوبصورتی اور سیاحت کی صلاحیت کی طرف توجہ دیں ، پاکستان میں سیاحت ہمارے سب سے بڑے شعبوں میں شامل ہوگی۔

زلفی بخاری نے لکھا کہ کورونا کے بعد پاکستان کی خوبصورتی کو دیکھنا بھی پلانز میں شامل ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل تفریح کے لیے نانگا پربت پہنچ گئے ہیں۔

نانگا پربت سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم امریکا اور یورپ جاکر اپنے پیسے ضائع کرتے ہیں، پاکستان خوبصورت مقامات سے بھرا پڑاہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ نانگا پربت میں منفی درجہ حرارت ہے اور انتہائی خوبصورت مقام ہے۔

عمران اسماعیل نے عوام سے کہا کہ تمام پاکستانی خوبصورتی کو دیکھنے ان مقامات پر آئیں۔