• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلفی بخاری کی بلاول پر تنقید، مرتضیٰ وہاب کا جوابی وار


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو کی تقریر کو گھٹیا اور کم ظرفی سے بھرپور کہنے پر ردعمل دے دیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر مرتضیٰ وہاب نے زلفی بخاری کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے الفاظ آپ کی تربیت کو بیان کررہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’آپ کا ٹوئٹ آپ کے اپنے نسب، پرورش اور پس منظر کے بارے میں بہت کچھ بول رہا ہے، بنیادی طور پر یہ وہ چیزیں جو پیسہ نہیں خرید سکتیں۔‘

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں کی گئی بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا تھا کہ ’ بلاول کی یہ تقریرایک نئی گراوٹ اور ہلکے پن کا مظاہرہ تھی۔‘

زلفی بخاری نے لکھا کہ ’درحقیقت اس میں بلاول کابھی قصور نہیں، بلاول کے والدین نے بے پناہ لوٹ کھسوٹ سے مال جمع کیا، اگر یہ مال جمع نہ کرتے تو آج والد کی طرح سینما ٹکٹس بلیک کر رہا ہوتا۔‘

یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ معیشت آج بد ترین دورسےگزررہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے خاتمہ کا وعدہ کیا لیکن آج کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے بھی کہا کہ پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین