حماد اظہر نے اپنی ایئر سفاری کا احوال بیان کردیا

June 23, 2021

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری پرواز کا احوال اپنے ٹوئٹ میں بیان کردیا۔

انہوں نے جھیل سیف الملوک پر لی گئی اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور علامہ اقبال کا ایک شعر بھی لکھا۔

وفاقی وزیر نے لکھا کہ ’ہفتے کے آخر میں پی آئی کی ایئر سفاری پرواز میں پاکستان کی خوبصورتی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔‘

حماد اظہر نے لکھا کہ ’پاکستان کے حسین مناظر کو دیکھنے کا تجربہ یاد گار رہا۔‘

انہوں نے لکھا کہ اس موسم میں آپ بھی ایئر سفاری کا پلان کریں کیونکہ ایسا کرنے میں کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر نے علامہ اقبال کا شعر بھی اپنے ٹوئٹ کی زینت بنایا۔

نہیں تیرا نشیمن قصرِ سُلطانی کے گُنبد پر،

تُو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں

ٹوئٹ میں منسلک تصویر کے حوالے سے انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ تصویر میں موجود شخص وہ خود ہی ہیں۔

ان کے ٹوئٹ پر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ ہمیں اس پر مزید جلد بات کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 19 جون سے شروع ہونے والی پی آئی اے کی ایئر سفاری کی پرواز میں حماد اظہر بھی ذاتی حیثیت سے سیاحوں میں شامل تھے۔