شہباز شریف کا گیس و بجلی کے نئے بحران پر اظہار تشویش

June 23, 2021


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گیس و بجلی کے نئے بحران کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اگلے ماہ سےصارفین کے لئے گیس، بجلی کی قلت کے نئے بحران کی اطلاعات افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف آر ایل این جی پر ٹیکس اضافے سے لاگت بڑھے گی، دوسری جانب بجلی گیس کی فراہمی متاثر ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ بجلی بنانے کی لاگت میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کے تعطل سے صنعتی سرگرمیوں اور کاروباری ماحول متاثر ہوگا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنی کےقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے حکومتی الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔