• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی 70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبے میں بحران افسوسناک ہے، شازیہ مری


پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے سندھ میں گیس بحران کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شازیہ مری نے کہا ہے کہ سندھ وہ صوبہ ہے جو پاکستان میں 60 تا 70فیصد گیس پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے صوبے میں، جو گیس کی بڑی مقدار پیدا کرتا ہے، اس میں گیس کا بحران شدت اختیار کرجانا نہایت ہی افسوسناک عمل ہے۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق جس صوبے سے گیس کی پیداوار ہوگی، پہلے اس کی ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ ایک عرصے سے صوبہ سندھ کے ساتھ گیس بحران کی زیادتی کی جارہی ہے، صوبے کو اپنی ضرورت کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

پی پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں گیس کی قلت ہے،جس سے گھریلو صارفین بھی پریشان ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اب تو حد یہ ہے کہ سوئی سدرن گیس نے صوبہ سندھ کی صنعتوں کو گیس فراہمی بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی یہ حرکت قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت یہ نہ سمجھے کہ سندھ کے ساتھ زیادتی کرنے سے فیڈریشن مضبوط ہوگی، اس سے وفاق کمزور ہوگا۔

پی پی رکن پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق صوبہ سندھ کو گیس فراہم کی جائی۔

قومی خبریں سے مزید