آفٹر نون سکول پروگرام کیلئے اساتذہ کی تنخواہ 15ہزار روپے مقرر

June 24, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) آفٹر نون سکول پروگرام کیلئے اساتذہ کی تنخواہ15ہزار روپے مقرر کردی گئی ہیں،بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے شرح خواندگی بڑھانے اور طلباء کی انرولمنٹ میں اضافہ کی غرض سے صوبہ کے سرکاری سکولوں میں انصاف آفٹر نون سکولز لانچ کیے ہیں، ان سکولوں میں دوپہر کے اوقات میں کلاسز کو پڑھانے کے لیے اساتذہ کی تنخواہ 15 ہزار روپے مقررکی گئی ہے چار اساتذہ کی تقرریوں کے اختیارات ہیڈ ماسٹرز کو تفویض کئے گئے ہیں۔ انصاف آفٹر نون سکولز میں ایلیمنٹری کلاس کو پڑھانے کیلئے اُستاد کی تنخواہ 15 ہزار جبکہ ہائی سکول میں استاد کی تنخواہ 18 ہزار روپےہوگی، پنجاب حکومت نے صوبہ کے 22 اضلاع میں انصاف آفٹر نون سکولز کیلئے 577 سرکاری سکولوں کو منتخب کیا ہے۔ اس پروگرام کیلئے 12 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کے مطابق سرکاری سکولوں میں قائم کونسل کے پاس دستیاب فنڈز سے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگیاں ہوں گی۔ آفٹر نون پروگرام کے لیے ملازمین بھی تعینات ہوں گےجن کی ماہانہ تنخواہ سات ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ایلیمنٹری سکول میں ایک سو اور ہائی سکول میں 80 بچوں کے داخلوں کی حد مقرر ہے۔