نادیہ جمیل حقیقی فاتح کی طرح بیماری سے لڑیں، ہمایوں سعید

June 24, 2021

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کا حال ہی میں کینسر کو شکست دینے والی نادیہ جمیل کے بارے میں کہنا ہے کہ وہ ایک حقیقی فاتح کی طرح بیماری سے لڑی ہیں۔

ہمایوں سعید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ہمت کے ساتھ کینسر جیسی بیماری کو شکست دینے پر ان کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الحمدللّٰہ، ہمت کے ساتھ بیماری سے لڑنے اور ایک حقیقی فاتح کی طرح اس سے باہر نکلنے پر مجھے آپ پر فخر ہے میری دوست۔‘

انہوں نے نادیہ جمیل کے لیے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اللّٰہ پاک آپ کو سلامت رکھے اور آپ کو خوشیاں اور لمبی صحت مند زندگی عطا کرے۔‘

واضح رہے کہ نادیہ جمیل نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے کینسر کے تمام تر ٹیسٹ کلیئر ہیں اور اب وہ مکمل طور پر کینسر فری ہونے پر خوش ہیں اور اللّٰہ کی شکر گزار ہیں۔