کوئٹہ شہر کے اکثر غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال کردیا گیا

July 20, 2021

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا حامد لطیف رانا نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے اکثر غیر فعال ٹیوب ویلز کی کو فعال کردیا گیاہے، عید الضحیٰ پر بلا تعطل شہریوں کو پانی فراہم کیا جائیگا ، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ شہر میں غیر فعال ٹیوب ویلز کی مرمت کے کام کی نگرانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، صوبائی وزیر واسا اینڈ پی ایچ ای نور محمد دومڑ اور سیکرٹری واسا اینڈپی ایچ ای صالح محمد ناصر کی خصوصی ہدایت پر محکمہ واسا کے عملہ نے دن رات کوششیں کرکے کوئٹہ شہر کے غیر فعال ٹیوب ویلز کی اکثریت کو فعال کردیا ہے جن سے شہریوں کو پانی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ ٹیوب ویلز کو بھی آج رات تک فعال کرکے شہریوں کو عید الضحیٰ پر بلا تعطل پانی فراہم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے محکمہ واسا کے افسران اور ملازمین شہر میں پانی کی قلت جیسے سنگین بحران پر قابو پاکر محکمہ اور حکومت کی نیک نامی میں اضافہ کا سبب بنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واسا ملازمین کی یونین نے مذاکرات میں جس عزم کا اظہار کیا تھا اس سے دو قدم آگئے بڑھ کر اپنا فرض ادا کیا جس پر ان کا خصوصی طور پر مشکور ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بلاتعطل پانی فراہم کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں عوام کو جلد ٹینکر مافیا سے بھی چھٹکارہ دلائیں گے ۔