عابدشیرعلی کے ساتھ ہونے والاواقعہ افسوسناک ہے ،امجد ملک

July 24, 2021

راچڈیل (ہارون مرزا)پاکستان مسلم لیگ ن کے چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئر اینڈ انٹرنیشنل پاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے عابد شیر علی کے ساتھ لندن میں ہونیوالے دلخراش واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عابد شیر علی اپنی اہلیہ کی رحلت کے بعد کرب سے گزررہے ہیں ۔عابد علی شریف فیملی سے تعلق رکھتے ہیں ان کے ساتھ ہونیوالے واقعہ سے تمام تارکین وطن بالخصوص ان کے حلقہ احباب میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل پیدا کرنے دالوں کو امن و امان تباہ کرنے ‘ کسی کو ہراساں کرنے اور ذاتی زندگی میں مخل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیےاور ایسے افراد کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی عزت نفس کا پاس کرنا دو طرفہ ذمہ داری ہوتی ہے سیاسی معاملات میں اپنا موقف متعلقہ فورم پر ضرور بیان کریں مگر اسے بیان کرنے کی کوشش اور عمل میں برداشت اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں آزادی اظہار کے ساتھ پرائیویسی کے قوانین بھی بہت سخت ہیں ان قانون کی خلاف ورزی پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے کی حرکت غیر متوقع نتائج کا باعث بن سکتے ہیں کسی کو چھڑی گمانے کی اتنی ہی اجازت ہے جہاں سے دوسرے کی ناک شروع ہوتی ہے ۔