سینئر سٹیزن بل

July 24, 2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعد اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021بطور قانون نافذ ہو چکا ہے۔ جیسا کہ صدر مملکت نے خود بھی واضح کیا، مذکورہ قانون کے تحت سینئر سٹیزن کونسل اور اولڈ ہوم ’’دارالشفقت‘‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ 60سال سے زائد عمر کے افراد ’’سینئر سٹیزن کارڈ‘‘ کے اہل ہوں گے جس کے تحت ان شہریوں کو فضائی اور ریلوے سفر میں 20فیصد رعایت حاصل ہو گی۔ جبکہ مستحقین مالی امداد حاصل کر سکیں گے، ان افراد کو علاج معالجے اور دوائوں میں بھی رعایت دی جائے گی، ان کیلئے اسپتالوں میں علیحدہ کائونٹرز اور وارڈز مختص کئے جائیں گے۔ میوزیم، پارکس اور لائبریری کی سہولتیں مفت حاصل ہوں گی۔ مذکورہ قانون کے نام سے ظاہر ہے کہ اس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر ہو گا مگر نہ تو ضعیف العمر افراد اسلام آباد تک محدود ہیں نہ ان کے مسائل اس نوع کے ہیں جن کا حل چند سہولتوں کے اعلان کی صورت میں پیش کیا جا سکے۔ بینکوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دوسرے مقامات پر بزرگ شہریوں کو طویل لائنوں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے بچانے سمیت بعض اقدامات پر چوہدری شجاعت حسین کی مختصر وزارتِ عظمیٰ کے دور میں خاص توجہ دی گئی تھی اور ان میں سے بعض پر عملدرآمد بھی ہوا مگر بعد میں متعدد مواقع و مقامات پر ایسا محسوس ہوا کہ بزرگوں کو سہولتیں دینے کی ہدایات فراموش ہو گئیں۔ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبائی سطح پر قانون سازی سمیت نئے اقدامات کی صورت میں معمر افراد کو موثر سہولتیں ملنے کی امید رہی جو تاحال توجہ طلب ہے۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام سے معمر افراد کو بطور خاص ریلیف ملنے کی توقعات ہیں۔ آج جو افراد معمر شہری کہلاتے ہیں انہوں نے اپنی عمر کا بہترین وقت ملک و قوم کی خدمت میں صرف کیا، اب ان کی ضعیفی متقاضی ہے کہ ان کی ضروریات کا ہر سطح پر خیال رکھا جائے۔