ٹوکیو اولمپکس شروع ہونے سے قبل ہی کورونا کیسز کی سنچری

July 24, 2021

ٹوکیو (جنگ نیوز) ٹوکیو اولمپکس شروع ہونے سے قبل ہی کوروناکیسز کی سنچری مکمل ہوگئی۔ گیمز سے وابستہ مزید 19افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 106ہوگئی ہے۔ منتظمین کے مطابق متاثرین میں تین ایتھلیٹ، 10 ٹیموں کے آفیشلز، تین میڈیا پرسن اور دیگر افراد شامل ہیں۔ جانچ پڑتال کے باوجود بھی کھلاڑیوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جن میں روڈ سائیکلنگ، بیچ والی بال کھلاڑی اور ٹیبل ٹینس کے کھلاڑی شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکا کے سو سے زائد کھلاڑی بغیر ویکسین کے جاپان پہنچ گئے جس پر دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادھر کورونا وائرس کا شکار کئی ملکوں کے کھلاڑی آخری لمحات میں اولمپکس سے باہر ہوگئے۔ انہوں نے دوسرے کھلاڑیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے مقابلوں سے دستبرداری کا اعلان کیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی وبا ایک مرتبہ پھر دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس کے اثرات اولمپکس پر بھی پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ برطانوی اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خواتین اسکِیٹ شوٹر امبر ہِل کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ امریکی ٹینس کھلاڑی کوری گاؤف نے بھی ٹوئٹر پر مداحوں کو مطلع کیا کہ ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کی وجہ سے وہ اولمپکس کھیلوں میں شریک ہونے سے قاصر ہیں۔ آسٹریلوی کھلاڑی الیکس دے مناؤر سمیت دیگر ٹینس پلیئرز بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر گیمز سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ ایتھلیٹس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔