جرمنی نے اسپین اور نیدرلینڈ کو کورونا سے متاثر ترین ممالک میں شامل کرلیا

July 24, 2021

برلن (اے ایف پی) جرمنی نے اسپین اور نیدرلینڈ کو کوروناوائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل کرلیا ہے۔ جب کہ جرمنی جانے والے افراد کو 10 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ دریں اثنا انجیلامرکل نے جرمن شہریوں سے ویکسینیشن کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، جرمنی کے پبلک ہیلتھ انسٹیٹیوٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسپین اور نیدرلینڈ کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کررہا ہے جو کوروناوائرس سے زیادہ متاثر ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ جرمنی کا سفر کرنے والے جن افراد نے ویکسینیشن نہیں کروائی ہے ان پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جارجیا کو بھی فوری طور پر ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔ مذکورہ ممالک سے جو بھی جرمنی آئے گا اسے 10 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا، جب کہ ان کا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں یہ معیاد 5 دن تک ہوگی۔ جب کہ مکمل ویکسینیشن کروانے والے یا جو حال ہی میں کوروناوائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں انہیں قرنطینہ سے استثنا ہوگا۔ جرمنی میں بھی ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلائو میں تیزی آئی ہے۔ دریں اثنا جرمن کی چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی میں کوروناوائرس کے مرض میں اضافے پر پریشان ہیں، انہوں نے جرمن شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ویکسینیشن ضرور کروائیں۔