نور مقدم قتل کے ملزم سے متعلق نئے انکشافات

July 24, 2021

سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

قریبی ذرائع کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے ساری واردات منصوبہ بندی کے تحت کی، ملزم نے اس حوالے سے واردات سے چند روز قبل دوستوں سے مشاورت بھی کی۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے دوستوں سے پوچھا کہ میں کسی کو قتل کردوں تو کیا پکڑا جاؤں گا؟ امریکی شہری ہوں کیا مجھ پر کیس بنے گا؟

قریبی ذرائع کے مطابق ملزم نے دوستوں سے استفسار کیا کہ میں اپنے والدین کو قتل کردوں تو کیا مجھے پکڑلیا جائےگا؟

ذرائع کے مطابق ملزم نے نور مقدم کو اپنے گھر بلایا اور اس کا فون بھی آف کرادیا، والدین نے نور مقدم کا فون آف ملنے پر اس کے دوستوں سے رابطہ کیا۔

قریبی ذرائع کے مطابق نور مقدم کے دوست ملزم ظاہر جعفر کے گھر گئے لیکن ملزم نے مقتولہ کی موجودگی سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نور مقدم کے دوستوں اور ملزم ظاہر جعفر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

قریبی ذرائع کے مطابق نور مقدم کو ملزم تشدد کا نشانہ بناتا رہا، مقتولہ نے فرار کی کوشش بھی کی۔

ذرائع کے مطابق ظاہر جعفر 2016 میں یو کے سے لڑکی پر حملے کے الزام میں ڈی پورٹ ہوا تھا، ملزم نے منصوبہ بندی کی تھی کہ واردات کے بعد امریکا فرار ہوجائے گا۔