انڈیا پاکستان میں دہشتگردی روکے، افغانستان کو دہشتگردی کا گڑھ بنا دیا، معید

July 25, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ،نیو ز ایجنسیاں) مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی روکے، بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کا گڑھ بنا رکھا ہے،مقبوضہ کشمیر میں کوئی مسلمان بھارت کا نام لینے کو تیار نہیں،دشمن ہر طرح کا حربہ استعمال کرے گا، چائنا پاکستان کا تعلق مضبوط ہی ہوگا کمزور نہیں ہوسکتا اور اس کے مزید ثبوت مل گیا ہے کہ بیرونی طاقتیں ہمارے تعلقات کو خراب کرنے کے لیے کس حد تک جارہی ہیں۔ جب مجھے انٹرویو کی کال آئی تو ہم نے یہی سوچا مشاورت بھی کی کہ پاکستان کو دو ٹوک موقف سامنے رکھنا چاہیے کیوں کہ بہت زیادہ ڈس انفارمیشن مس انفارمیشن بھارت نے پھیلائی ہے خصوصاً کشمیر کے بارے میں اور اب افغانستان کے بارے میں بھی پھیلا رہا ہے تو ہمارا موقف بالکل واضح رہا ہے اور وزیراعظم سے زیادہ کلیئر کوئی نہیں رہا ، پاکستان آگے چلنا چاہتا ہے لیکن میں نے بار بار یہی سوال اٹھایا انٹرویو میں کہ یہ بتائیے کہ آج کی ہندوستان کی حکومت ایک ریشنل ایکٹرتصورکی جاسکتی ہے یا وہ اپنے اس نظریاتی منصوبے کے تحت کام کر رہی ہے جس میں یہ کہا جاتا ہے کہ یہ سارا علاقہ ہمارے اثر رسوخ کے نیچے رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔معید یوسف نے کہا کہ ہندوستان کو پہلا قدم یہ لینا ہے کہ پانچ اگست کے اقدامات کو ریورس کرے اور پھر ہم آگے دیکھیں کہ ہم نے کہاں جانا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے پاکستان حکومت کا موقف اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قرارداد سے جڑا ہوا ہے ہر طرح سے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان اس بات کو تسلیم کرے کہ وہ دو سال وہاں بربریت کرتا رہا ہے ظلم ڈھاتا رہا کیا بنا ایک کشمیری مسلمان نہیں رہ گیا جو ہندوستان کا نام سننے کو تیار ہے۔