5اگست کو یونانی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا، چوہدری موسیٰ خان

July 26, 2021

ایتھنز(مرزارفاقت حسین)چیئر مین فرینڈز آف کشمیر چوہدری موسیٰ خان نے کہا ہے کہ فرینڈز آف کشمیر یونان 5اگست کو یونانی پارلیمنٹ کے سامنے بھرپور مظاہرہ کرے گی ۔پانچ اگست کو بھارت نے ایک گھناؤنی سازش کے تخت کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کی کوشش کی اور بھارت کی اس گھناؤنی سازش پر اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا نے چپ سادھ لی ۔ پوری دنیا نے کشمیر میں جاری مظالم پر اپنے لب اور آنکھیں بند کی ہوئی ہیں، بھارت کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے، ہم پانچ اگست کو یونانی پارلیمنٹ کے سامنےبھارت کے ان مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یونانی پارلیمنٹ کے سامنے بھرپور طریقے سے کشمیر کے حق میں آواز بلند کرینگے ۔ہمارا مقصد پوری دنیا تک اس آواز کو پہنچانا ہے کہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سراسر ناانصافی ہے اور اس پر پوری دنیا کو آواز اٹھانی چاہئے ۔ واضح رہے کہ یونان کے بھارت کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،اس لئے یونان کی حکومت ایسے مظاہروں کے لئے بہت کم اجازت دیتی ہے اورمظاہرین کے لئے مشکلات کھڑی کی جاتی ہیں ۔