مرکز صحت، آنکھوں کے اسپتال کے منصوبوں پر 19کروڑ خرچ کیے جائینگے،ڈپٹی کمشنر

July 26, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ٹمبر مارکیٹ، اعوان پورہ اور چونگی نمبر14 کا دورہ کیا۔انہوں نے ٹمبر مارکیٹ میں بنیادی مرکز صحت اور اعوان پورہ میں آئی ہسپتال کے قیام کے لئے جگہ کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنیادی مرکز صحت اور آئی ہسپتال کے منصوبوں پر19کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹمبر مارکیٹ میں واقع ایمرجنسی میڈیکل سنٹر کو اپ گریڈ کرکے بنیادی مرکز صحت کا درجہ دیا جارہا ہے،5کروڑ روپے کی لاگت سے بنیادی مرکز صحت کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی اور حکومت پنجاب نےمنصوبے کے لئے فنڈز فراہم کر دئے ہیں۔علی شہزاد نے بتایا کہ اعوان پورہ میں آئی ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جس کی تعمیر پر14 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ہسپتال پبلک سیکٹر میں ملتان میں یہ پہلا آئی ہسپتال ہو گا۔دونوں منصوبوں کی جگہ کے تعین کے لئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق احمد، ایکسین بلڈنگز حیدر اور ڈی ڈی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم بھی انکے ہمراہ تھے۔