پیسکو کی صارفین کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت

July 28, 2021

پشاور ( جنگ نیوز ) پیسکو نے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرور ت پر زوردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کو بجلی حادثات سے محفوظ بنانے کے لئے تمام تر تدابیر اختیار کی جائیں ۔ خاص کر بجلی پولوں اور برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کریں اور بچوں کو بھی اس کی تاکید کریں تاکہ کوئی جان لیوا حادثہ رونما نہ ہوجائے کیونکہ بجلی کسی کا لحاظ نہیں کرتی اس لئے غیرضروری خوداعتمادی سے پرہیز کریں ۔خاص کر بارشوں کے دوران بعض اوقات بجلی کی رو بجلی پولوں میں سرائیت کرجاتی ہے اس لئے بچوں کو تاکید کریں کہ وہ بجلی پولوں کو ہاتھ نہ لگائیں۔ اسی طرح گھروں کے اندر وائرنگ اور برقی آلات کو ٹھیک حالت میں رکھیں اور بجلی کے تمام برقی آلات کو باقاعدہ طورپرارتھ کریں ,کپڑوں پراستری کرتے وقت پیروں تلے خشک قالین یا لکڑی کا کوئی ٹکڑا ضروررکھیں۔ کپڑے دھونے کے بعد ان کو تاروں پر نہ پھینکیں اس کام کے لئے رسی استعمال کریں اسی طرح بجلی کی ناقص گھریلووائرنگ کی طرف خصوصی توجہ دیں اور ننگی تاروں کو جلد ازجلد تبدیل کرلیں یا ان کو مناسب اور محفوظ طریقے سے ٹیپ کروائیں ۔ گیلے ہاتھوںیا گیلے کپڑوں یاجوتے گیلے ہونے کی صورت میں پانی کی موٹروںکے سوئچ تار اوردیگر برقی آلات کو ہاتھ نہ لگائیں بجلی آلات وغیرہ کو بچوں کی رسائی سے دور رکھیں تاکہ وہ ان کو ہاتھ نہ لگا سکیں۔ ہماری ذرا سی توجہ اور احتیاط سے بہت سے حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔