صافی و مہمند قوم کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنیکا مطالبہ

July 28, 2021

پشاور(وقائع نگار) صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن نے صافی و مہمند قوم کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ آرگنائزیشن کے بانی حاجی شرف الدین صافی نے ضلع مہمند اٹا گراؤنڈ نزد گوسڑے بارڈر میں منعقد ہ ʼʼمہمند لویہ جرگہʼʼ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جرگہ میں پر شوریٰ کمیٹی سربراہ ملک حاجی اسرائیل صافی‘ مرکزی ترجمان ہارون صافی‘ جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی بانی حبیب اللہ صافی‘ میڈیا سیل انچارج مسیدخان صافی‘ سرگرم کارکن حبیب صافی‘ ضلع پشاور کابینہ‘ ضلع مہمند کابینہ‘ اصلاحی کمیٹی و شوریٰ کمیٹی‘ ٹاؤن ون‘ ٹاؤن ٹو اور ٹاؤن تھری کابینہ‘ فتو عبدالرحیمہ اور ضلع چکوال اور پشاور کے سینئر رہنماؤں سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جرگہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں مہمند قوم اور صافی قوم کے عمائدین نے بھی شرکت کی۔ʼʼمہمند لویہ جرگہʼʼ میں مہمند قوم سے تعلق رکھنے والوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں 45 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔بانی حاجی شرف الدین صافی اور شوریٰ کمیٹی سربراہ ملک حاجی اسرائیل صافی نے ʼʼمہمند لویہ جرگہʼʼ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہمند اور صافی قوم دو دل ایک جان ہیں اور جب بھی مہمند کو کوئی تکلیف ہوتی ہے تو وہ درد ہم صافی قوم کے عمائدین بھی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں حکومت مہمند کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔انہوں نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو پھر پشاور سمیت پورے ملک کی مین شاہراہوں پر صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) تنظیم کا دمادم مست قلندر ہوگا۔