تمام مدرسین اور عملہ ویکسی نیشن کروا ئے، ناظم اعلیٰ نظام المدارس

July 30, 2021

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ نظام المدارس پاکستان سے الحاق کرنے والے مدارس دینیہ کے تمام مدرسین اور عملہ ویکسی نیشن کروائیں۔ وباؤں سے نجات کےلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا سنت نبوی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کی طرف سے مفاد عامہ میں ویکسی نیشن کروانے کےلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر عمل کرنا ہر شہری پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ مدرسین خود بھی ویکسی نیشن کروائیں اور اپنے اہل خانہ کی بھی ویکسنیشن کروائیں۔دریں ا ثناءنظام المدارس پاکستان کے ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے بھی تحریری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے حکومتی پالیسی جاری ہو چکی ہے کہ 31 اگست تک اساتذہ لازمی طور پر ویکسی نیشن کروالیں ۔علامہ عین الحق بغدادی نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے مدرسین اور طلباءحکومت کی طرف سے مفت ویکسی نیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں ۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے جمعۃ المبارک کے خطبات میں رائے عامہ ہموار کریں۔