پولیو مہم کا آغاز 2 اگست سے ہو گا،ڈپٹی کمشنرکی زیرصدارت اجلاس میں انتظامات کاجائزہ

July 30, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز 2 اگست سے ہو گا۔پولیو مہم کامیاب بنانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر،تعلیم کے افسران ،ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا مدثر ممتازویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران7لاکھ50ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے لئے 2991 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔480 ایریا انچارج اور140یونین کونسل میڈیکل آفیسرز مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم بارے معلومات اور شکایات کے لئے شہری ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔