بیٹیوں کو سرِعام درندوں کو مارنا سِکھائیں: حمیمہ ملک

July 30, 2021

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے کہا ہے کہ اپنی بیٹیوں کو یہ سِکھائیں کہ اُنہیں ہراساں کرنے والے درندوں کو سرِعام کیسے تھپڑ مارنا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر حمیمہ ملک نے ملک کی موجودہ صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔


اداکارہ نے لکھا کہ ’گول روٹی سیکھنے کا انتظار کرسکتے ہیں کیونکہ سب سے اہم چیز خود کی حفاظت کرنا ہے۔‘

اس سے قبلحمیمہ ملک نے اسلام آباد میں قتل کی جانے والی سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کی موت پر ایک دلخراش پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ وہ بھی بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہیں۔

نور مقدم کے قتل سے متعلق انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’آج اس واقعے کو پورے آٹھ روز گزر چکے ہیں اور میں کچھ چاہ کر بھی نہیں بول سکی ہوں، کیونکہ میرے دل اور دماغ نے اجازت ہی نہیں دی تھی اور نہ ہی مجھ میں اتنی ہمت تھی کہ میں اپنے جذبات کو الفاظ میں ڈھال سکوں۔‘

حمیمہ نے لکھا تھا کہ ’عورت ہونے کے ناطے میں بھی اس بدسلوکی کا شکار رہی ہوں اور اس صدمے کو سمجھ سکتی ہوں، یہ صدمہ آپ کو اندر ہی اندر ختم کردیتا ہے لیکن پھر بھی زندہ رہنے کی کوشش ہوتی ہے۔‘

خیال رہے کہ ملک بھر میں جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں افسوسناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔

اس ضمن میں عام عوام سمیت شوبز ستارے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔