پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے ملک میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں انسانوں کے ساتھ جانور بھی محفوظ نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے نور بخاری نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے پاکستان دُنیا کو وہ ملک بن گیا ہے جہاں مرد، عورت، بچے اور جانور کوئی محفوظ نہیں ہیں۔‘
نور بخاری نے کہا کہ ’یہ وقت اللّہ تعالیٰ سے توبہ کرنے کا ہے کہ ہم ایسا کیا کررہے ہیں جس کے بدلے میں ہمیں ایسے افسوسناک واقعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ریاستِ مدینہ کا خواب دیکھنے والوں کو انصاف اور سزا بھی اللہ کے قانون کے مطابق ہی دینی ہوگی۔‘
خیال رہے کہ کورنگی کے زمان ٹاؤن میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی کمسن بچی کی لاش کچرے سے برآمد ہوئی تھی۔
ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور وہاں سے معلومات حاصل کیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ بچی کل رات گھر کے باہر کھیل رہی تھی، لائٹ گئی ہوئی تھی، بچی کا والد اس کو گلی میں کھیلتے ہوئے چھوڑ کر چلا گیا۔
حکام کے مطابق جب کافی دیر بچی واپس نہ آئی تو اہلخانہ نے تلاش شروع کی اور تھانے کو بھی رات گئے ہی اطلاع کی گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ صبح 6 بجے کے قریب دری میں لپٹی ہوئی بچی کی تشدد زدہ لاش ملی۔
انہوں نے بتایا کہ جس جگہ لاش ملی وہاں ایک ویران اسکول اور گراؤنڈ ہے، گراؤنڈ میں نشے کے عادی افراد جمع رہتے ہیں۔