• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنسی زیادتی کیخلاف نعروں کا وقت ختم ہوچکا ہے: مہوش حیات

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و متغۂ امتیاز مہوش حیات نے ملک میں بڑھتے جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعات پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہیش ٹیگز اور نعروں کا وقت ختم ہوچکا ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت ان واقعات کی روک تھام کے لیے کونسے اقدام کررہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں مہوش حیات نے کہا کہ ہیش ٹیگز اور نعروں کا وقت ختم ہوچکا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں بتایا جائے کہ حکومت نظام کو تبدیل کرنے کے لیے کیا کرنے جا رہی ہے۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’جنسی زیادتی، صنفی تشدد اور امتیازی سلوک کی دیگر اقسام کو معاشرے کو تبدیلی کیے بغیر ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’یہ وقت خاموش بیٹھنے کا نہیں بلکہ اپنی کہانی سُنانے کا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’حقیقی مرد کبھی بھی عورتوں کو تکلیف نہیں پہنچاتے ہیں اور نہ ہی اُن کے ساتھ ناجائز کرتے ہیں۔‘

مہوش حیات نے یہ بھی کہا کہ ’قوانین  موجود ہیں، ہمیں ان کے نفاذ ک زیادہ سخت اور متاثرہ افراد کے لیے کم تکلیف دہ بنانے کی ضرورت ہے جبکہ ہمارے ملک میں عدالتی نظام خطرناک اور غیر موثر ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’تشدد اور زیادتیوں سے پاک اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے، کسی کو خوف سے نہیں رہنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہ آسانی سے قابل قبول نہیں ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے، بے حسی کوئی آپشن نہیں ہے۔‘

مہوش حیات نے مزید کہا کہ ’کسی دوسرے شکار کا ہیش ٹیگ بننے سے پہلے ہمیں ابھی کارروائی کرنا ہوگی۔‘

خیال رہے کہ ملک بھر میں جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں افسوسناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔

اس ضمن میں عام عوام سمیت شوبز ستارے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔

تازہ ترین