• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہوں، حمیمہ ملک کا نور قتل پر دلخراش پیغام

پاکستانی اداکارہ حمیمہ ملک نے اسلام آباد میں قتل کی جانے والی سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کی موت پر ایک دلخراش پیغام میں انکشاف کیا کہ وہ بھی  بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر نور قتل معاملے سے متعلق ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے خود کے بدسلوکی کے صدمے  کو برداشت کرنے کے حوالے سے بات کی۔


نور مقدم کے قتل سے متعلق انہوں نے لکھا کہ ’آج اس واقعے کو پورے آٹھ روز گزر چکے ہیں اور میں کچھ چاہ کر بھی نہیں بول سکی ہوں، کیونکہ میرے دل اور دماغ نے اجازت ہی نہیں دی تھی اور نہ ہی مجھ میں اتنی ہمت تھی کہ میں اپنے جذبات کو الفاظ میں ڈھال سکوں۔‘

حمیمہ نے لکھا کہ ’عورت ہونے کے ناطے میں بھی اس بدسلوکی کا شکار رہی ہوں اور اس صدمے کو سمجھ سکتی ہوں، یہ صدمہ آپ کو اندر ہی اندر ختم کردیتا ہے لیکن پھر بھی زندہ رہنے کی کوشش ہوتی ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ یہ بدسلوکی آپ کو اس قدر بدل دیتی ہے کہ آپ اپنے سائے کو بھی نہیں پہچان پاتے۔

انہوں نے کہا کہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے کیونکہ خاموشی اب ایک جرم بن گئی ہے۔

حمیمہ نے اپنی پوسٹ میں عدالتی نظام کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ناکام قرار دیا اور لکھا کہ میں حیران ہوں عدالتی نظام کی مشینری ناکام ہے، ہم سب ناکام ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 20 جولائی کی رات نور قتل کیس کے ملزم ظاہر کو اس کے گھر سے گرفتار کیا تھا جہاں نور کے والدین کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے قتل کیا اور سر جسم سے الگ کیا تھا۔


تازہ ترین