پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز کیساتھ رویہ قابل مذمت ہے‘حاجی نصراللہ

August 04, 2021

کوئٹہ(پ ر)آل مشترکہ بلوچستان بس اور مزدا اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نصراللہ خان کاکڑ، آل پشتون بیلٹ منی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی امیر محمد یٰسین زئی، کوئٹہ لورالائی کے چیئرمین عبدالغفار یٰسین زئی، سید محمد سارنگزئی اور محمد اسلم یٰسین زئی نے بیان میں ایس ایس پی ٹریفک شیر علی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز عرصہ دراز سے ناانصافی کا شکار ہیں۔ 2008 سے ہماری بسیں اور مزدا کھڑے ہیں ہمیں صرف21پلاٹ ملے جبکہ گیارہ سو پلاٹ والوں نے دو سال کے بعد 2010 میں تمام پلاٹ بیچ کر واپس شہر کا رخ کیا۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ شہر میں دو قانون چل رہے ہیں جس میں بااثر افراد کیلئے الگ اور غریب کے لئے الگ قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹروں کو بھی شہر میں واپس آنے کی اجازت دیں۔ دو ٹرمینل کی بجائے آج شہر میں20 اڈے بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر سریاب روڈ پر ان اڈوں کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ 18 سال بعد بھی سیٹلائٹ ٹائون اڈہ کے شفٹ ہونے کے بعد بڑی بسیں یہاں آتی ہیں جبکہ سارا دن سریاب روڈ پر بس اور ٹرک آتے جاتے ہیں ان کے لئے کوئی قانون نہیں۔ دوسری جانب پشتون بیلٹ کی طرف سے منی ویگن شہر کی طرف آتے ہی ٹریفک پولیس اہلکار چار ہزار کا جرمانہ کردیتے ہیں۔