گرین پاکستان مستقبل کو محفوظ اور روشن بناسکتا ہے ‘محمود خان

August 04, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے شجرکاری نہایت ضروری ہے کیونکہ گرین پاکستان ہی ہمارے مستقبل کو محفوظ اور روشن بناسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پشاور ماڈل سکول نے ہمیشہ نصابی اور غیر نصابی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اس ضمن میں سکول ہذا کا نہایت اہم کردار رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور ماڈل سکول ناصر باغ کیمپس میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی اور منصوبہ نہایت کامیابی سے ہمکنار ہوا جس کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں اگر ملک میں ہر شخص ایک پودا لگا کر اپنی ذمہ داری پوری کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ قوم ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ نہ کرسکے۔ انہوں نے طلبہ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی شجرکاری مہم میں حصہ لیں اور سرسبز پاکستان بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر کو سکول انتظامیہ کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی جبکہ بعدازاں ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں ’’چیڑپائن،، (Chir Pine) کا پودا لگایا اور کیک کاٹا