ڈاؤ یونیورسٹی اور ہاؤس بلڈنگ فنانس میں معاہدہ، ملازمین کو تین کروڑ تک قرض ملے گا

September 14, 2021

ڈاؤ یونیورسٹی اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی میں معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ہاؤس بلڈنگ فنانس، ڈاؤ یونیورسٹی کے ملازمین کو 3 کروڑ روپے تک کی مالی سہولت فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی، ڈاؤ یونیورسٹی کے ملازمین کو گھر کی تعمیر اور خریداری کے لیے تین کروڑ روپے تک کی مالی معاونت مارکیٹ سے آسان اور منفرد شرائط پر دے گی۔

اس بات کا اعلان پاکستان میں طب کی تعلیم اور مالی معاونت کے شعبوں میں مستحکم دو اداروں کی جانب سے ایک معاہدہ برائے مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد جاری اعلامیے میں کیا گیا۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب ڈاؤ انٹر نیشنل میڈیکل کالج کے وائس چانسلر بورڈ روم میں منعقد ہوئی، جس میں یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق اور سینئر لیگل کونسل نعمان قادری جبکہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے گروپ ہیڈ بزنس اینڈ آپریشنز فیصل مراد، گروپ ہیڈ ریکوری اینڈ ایس اے ایم سید اسد جعفری، ہیڈ آف بزنس آپٹیمائزیشن عاطف علاؤ الدین، مینجر کارپوریٹ بزنس ڈیولپمنٹ، مینجر ناصر عباس اور برانچ منیجر کراچی ٹو ندیم کمال بھی موجود تھے۔

معاہدہ مفاہمت پر ڈاؤ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق جبکہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی جانب سے گروپ ہیڈ بزنس اینڈ آپریشنز فیصل مراد نے دستخط کیے۔

ایم او یو میں طے کیا گیا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس 57 سال کی عمر تک کے ڈاؤ یونیورسٹی کے مستقل یا کنٹریکٹ ملازمین کے لیے تین کروڑ روپے تک کا مالی تعاون خصوصی شرائط پر فراہم کرے گی۔

ایم او یو کے مطابق ڈاؤ کے مستقل ملازم کی مدت ملازمت دو سال اور کنٹریکٹ ملازم کے لیے تین سال کی شرط رکھی گئی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی صرف طبی تعلیم کے حوالے سے ہی معتبر نام نہیں بلکہ یہ ایک مکمل ہیلتھ سسٹم ہے جو ملک بھر کے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے دوران ڈاؤ کی خدمات کو ملک اور بیرون تسلیم کیا گیا ہے۔ طب کے بیشتر شعبوں میں مہارت رکھنے والی یونیورسٹی اپنے ملازمین کی فلاح و ترقی کے لیے بھی کوشاں رہتی ہے تاکہ ادارے کے ساتھ ملازمین بھی ترقی کی راہ پر گامزن رہ سکیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے گروپ ہیڈ بزنس اینڈ آپریشنز فیصل مراد نے اپنے ادار ے کی جانب سےڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اداروں کا باہم اشتراک عمل دونوں کے بہترین مفاد اور دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔

ہاؤس بلڈنگ 1952 سے قائم ایک ترقیاتی مالیاتی ادارے کے طور پر پاکستان بھر کے نچلے اور متوسط طبقے کے افراد کے لیے گھر کی تعمیر و خریداری میں معاونت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیر دستخط معاہدہ برائے مفاہمت کا مقصد درحقیقت وزیر اعظم پاکستان کے اس وژن کی جانب پیش رفت ہے جس میں رعایتی شرائط پر ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ ڈاؤ کےلیے اسکیمز منفرد اور ترجیحی بنیادوں پر تشکیل دی گئی ہیں۔ جس میں لاثانی سروس بھی شامل ہے اس اسکیم کا بنیادی ہدف اس وقت ہی حاصل ہوگا جب ڈاؤ یونیورسٹی کے تمام ملازمین پاکستان بھر میں اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے گھر کے خواب کی عملی تعبیر پاسکیں۔

اس موقع پر ایچ بی ایف سی حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈاؤ کے ملازمین کو پاکستان بھر میں میرا پاکستان میرا گھراسکیم، گھر پاکستان اسکیم، گھر پاکستان پلس اسکیم، گھر سہولت اسکیم اور ایچ بی ایف سی خاص اسکیم کے ذریعے منفرد و نرم شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔