ڈرامے کے وائرل سین پر شرمیلا فاروقی کا تبصرہ

September 15, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے نجی ٹی وی چینل کے ایک ڈرامے کے وائرل کِلپ پر اپنا تبصرہ پیش کیا ہے۔

وائرل کِلپ میں میاں بیوی کے جھگڑے کو دکھایا گیا ہے جس میں جھگڑے کے دوران شوہر نے اپنی بیوی کو تھپڑ مارا لیکن اگلے ہی لمحے عورت پوری قوت سے مرد کو جوابی تھپڑ مارتی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس وائرل کِلپ پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ، لیکن اب حال ہی میں شرمیلا فاروقی نے بھی اس پر اپنا تبصرہ پیش کیا ہے۔

گوہر رشید کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ جبر ایک مرضی نہیں مجبوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں عورتیں روزانہ ظلم کا شکار ہوتی ہیں اس لیے نہیں کہ وہ ان کی مرضی ہے بلکہ وہ ان کی مجبوری ہے کیونکہ وہ جوابی وار یا اپنے شوہر کو چھوڑ نہیں سکتیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ گھریلو تشدد ، تیزاب کا شکار اور بچپن کی شادیاں ہمارے معاشرے کی وہ برائیاں ہیں جو پھیلتی چلی جارہی ہیں اور اس کی بنیادی وجہ متاثرہ خاتون کا مالی اور جسمانی طور پر بے بس ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین طلاق، علیحدگی یا معاشرے کے خوف سے خاموشی سے سب برداشت کرتی ہیں اور جو ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہیں انہیں خاموش کرادیا جاتا ہے۔