ہرے دھنیے سے بنائیں ’’کریم‘‘

September 17, 2021

علینہ سعید

چہرے کی رونق اور خوبصورتی بر قرار رکھنے کے لیے خواتین مارکیٹ میں دستیاب بہت سی کریمیں آزما تی ہیں ۔اس ہفتے ہم آپ کو ہرے دھنیے کی کریم بنانے کا طر یقہ بتا رہے ہیں ۔ عام طور پر تو خواتین دھنیے کو چٹنیوں اور گارنشنگ میں استعمال کرتی ہیں ،مگر ایک نظر بیوٹی کی طر ف بھی ڈالیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ چہرے کو خوب صورت اور تر وتازہ رکھنے کے لیے کتنا اہم ہے۔ اس کریم کو آزما کر دیکھیں یہ آپ کے چہرے کو لگائے گی چار چاند۔ ہرے دھنیے میں وٹامن اے ، سی، کے، کیلوریز، بیٹا کیروٹن اور معدنیات پائی جاتی ہیں جو اس کو آپ کی صحت کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کو بڑھانے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

تو چلیں آج ہی آپ ہرے دھنیے سے بنی یہ کریم بنائیں اور ہفتے بھر میں اس کا رزلٹ پاکر اس کو مستقل استعمال کریں۔اس کو بنانے کے لیے ایک گھٹی ہرا دھنیا توڑ لیں اور دھو کر کچھ دیر چھوڑ دیں، تاکہ خشک ہوجائے۔ اس کے بعد اس کو ایک بلینڈر میں ڈالیں اور ساتھ ہی اس میں کھانے کے چار چمچے عرقِ گلاب شامل کرکے بلینڈ کرلیں۔ جب پیسٹ تیار ہوجائے تو اس میں ایک سے دو چائے کے چمچے شہد اور دو چائے کے چمچے گلیسرین ڈال کر خوب اچھی طر ح مکس کرلیں، پھر اس میں دو چائے کے چمچے ایلویرا جیل اور وٹامن ای ڈال کر مکس کرلیں۔

اب اس کو ایک بوتل میں بھرلیں۔ اس کریم کو لگانے سے ایکنی، داغ دھبے، کالے گھیرے، پگمینٹیشن، فائن لائنز، جھریوں اور اینٹی ایجنگ اثرات کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ آپ اس کو روزانہ دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگا کر مساج کریں ،پھر پندرہ منٹ تک چھوڑ دیں بعد میں سادے پانی سے دھولیں۔نتیجے سے آپ بھی حیران رہ جائیں گی ۔