ماں نے ماہرہ خان کا ڈرامہ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے: بھارتی ہدایتکار

September 17, 2021

پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کی ڈیبیو بالی ووڈ فلم ’رئیس‘ کے ہدایتکار راہول ڈھولکیا کی والدہ نے اُنہیں ماہرہ کا ڈرامہ دیکھنے کا مشورہ دے دیا۔

اس حوالے سے فلم ’رئیس‘ کے ہدایتکار راہول ڈھولکیا نے ماہرہ خان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

راہول ڈھولکیا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میری ماں نے انتہائی باصلاحیت اداکارہ ماہرہ خان کا نیا ڈرامہ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔‘

بھارتی ہدایتکار نے لکھا کہ ’والدہ نے یہ ڈرامہ دیکھنے پر اس قدر زور دیا ہے کہ اب مجھے اسے دیکھنا ہے اور میں اس ڈرامے میں ماہرہ کی حیرت انگیز اداکاری دیکھنے کا منتظر ہوں۔‘

خیال رہے کہ ماہرہ خان کا یہ نیا ڈرامہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے، اس ڈرامے میں ان کے ساتھ اسکرین پر اداکار عثمان مختار، کبریٰ خان، ہارون شاہد، شمیم ہلالی، زینب قیوم، ہما نواب، لیلیٰ واستی، عمیر رانا اور دیگر اداکار اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں جبکہ ڈرامے کو مشہور ڈرامہ و افسانہ نگار عمیرہ احمد نے لکھا ہے۔

ہر دلعزیز اداکارہ ماہرہ خان اس سے قبل آخری بار 2016ء میں نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک مشہور ڈرامے ’بن روئے‘ میں نظر آئی تھیں۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان ہندی فلم ’رئیس ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

ماہرہ خان بھی اکثر شاہ رخ خان کی تعریف کرتی دکھائی دی ہیں اور بتاتی ہیں کہ شاہ رخ خان ان کے پہلے کرش ہیں۔